لکھنؤ، 3 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست کے رائے دہندگان سے بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے شہری ترقیات کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ جب ریاست اور ملک باہم مل کر کام کرتے ہیں، تبھی ملک ترقی کرتا ہے۔وینکیا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اتر پردیش کی عوام نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کی تھی، اب اسمبلی انتخابات میں بھی پارتی کو ریاست کی عوام کی حمایت چاہیے ۔نائیڈو نے کہا کہ جب ریاست اور ملک مل کر کام کرتے ہیں، ملک تبھی ترقی کرتا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قائدانہ صلاحیت کی وجہ سے ہی دنیا ہندوستان کی طاقت کو تسلیم کررہی ہے اور ہندوستان دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔وینکیا نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے سامنے سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی ملک کی شکل میں ابھرا ہے۔ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، عالمی بینک اور موڈیز کی درجہ بندی سے واضح ہوا ہے کہ ہندوستان سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ مقام ہے۔